تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے غلط خبر جاری ہونے پر معذرت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ غلطی سے پوسٹ ہونے والی خبر کو ہٹادیا گیا ہے۔ پی سی بی سرفراز احمد اور ان کے مداحوں کی دل آزاری پر معذرت کا طلب گار ہے۔
تاہم سرفراز احمد کو قومی ٹیم کے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ برقرار ہے۔
پی سی بی کے آفیشل ٹوئیٹر اکائونٹ سے سرفراز احمد کی برطرفی کی خبر کے ساتھ ایک متحرک تصویر لگائی گئی تھی جس میں فخر زمان کو دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ناچتے اور سرفراز احمد کو منظر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا جا رہا تھا۔
اس کے ساتھ لگائے گئے ناچتے گاتے ایموجیز نے تصویر کی حساسیت میں مزید اضافہ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جس پر پی سی بی کو خیال آیا کہ شاید کچھ غلط ہوگیا ہے۔ جب پی سی بی حکام کو معاملے کی نزاکت کا احساس ہوا تو فوراً اس خبر کو ہٹادیا گیا اور بعد میں پی سی بی نے معافی طلب کرتے ہوئے کہا خبر جاری کرنے کی ٹائمنگ بالکل غلط تھی۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو آنے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی پروموشنل کمپین کے لیے تھی مگر غلطی سے سرفراز احمد کی برطرفی کی خبر کے ساتھ نشر ہوگئی۔ جس پر پی سی بی معذرت خواہ ہے۔
دوسری جانب سرفراز احمد سے نومبر میں ہونے والی آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کی کپتانی بھی چھین لی گئی ہے اور
ٹاپ آرڈر بیٹسمین اظہر علی کو ٹیسٹ اور بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت دیئے جانے کا امکان ہے۔