پی سی بی کے بھارت کیخلاف ہرجانہ وصولی کیس کا فیصلہ ڈیڑھ ماہ میں آنے کا امکان ہے۔
8 سال میں 6 باہمی سیریز کھیلنے کے وعدے سے پھرجانے پر پی سی بی نے آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں کیس دائر کیا تھا جس کی3روزہ سماعت بدھ کو مکمل اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
’’کرک انفو‘‘ کے مطابق مائیکل بیلوف کی سربراہی میں کمیٹی نے اگرچہ فیصلہ جاری کرنے کا کوئی وقت نہیں بتایا لیکن اس نوعیت کے کیسز میں ایک سے ڈیڑھ ماہ لگ جاتا ہے،یہ فیصلہ دہری اہمیت کا حامل ہے، ایک تو پاک بھارت کرکٹ روابط کا مستقبل طے ہوگا، دوسرے سیاسی تعلقات پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے بورڈ حکام اور گواہوں کو سختی سے کارروائی کی تفصیلات کے بارے میں بات کرنے سے روکا گیا تھا لیکن سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے باہمی سیریز کے حوالے سے بی سی سی آئی کی مجبوریوں کا قصہ کمیٹی کو سنانے کے بعد باہر آکر بھی دہرا دیا۔
دریں اثنا کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے باوجود بھارتی میڈیا بدستور اپنے بورڈ کے موقف کی حمایت پر کمر بستہ ہے، باہمی سیریز کے حوالے سے پی سی بی کو کی جانے والی ای میل پہلے بھی منظر عام پر لائی جا چکی، اب اس کا عکس دوبارہ ویب سائٹ پر جاری کردیا جس پر سوشل میڈیا میں تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔