پاکستان کی میزبانی میں شروع ہونے والے ایشیاءکپ میں شامل ٹیموں کی جرسی پر میزبان ملک کا نام نہ ہونے کی دلچسپ وجہ سامنے آگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس) پر کئی صارفین نے نشاندہی کرائی تھی کہ گزشتہ برس ایشیاءکپ 2022 میں جب ٹیمز نے آفیشل جرسی پہنی تھی تو سری لنکا کی میزبانی کا لوگو موجود تھا تاہم پاکستان کی میزبانی کا لوگو نہ ہی گرین شرٹس کی جرسی پر موجود ہے نہ دیگر ایشیائی ٹیمز کی، جو نہ سمجھ میں آنے والی بات ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے اب اس کی تفصیل بتائی ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے گزشتہ ایشیاءکپ کے دوران میزبان ملک کا نام ٹیمز کی جرسی پر نہ لگانے کا فیصلہ کیا تھا جس کو اے سی سی کے ممبرز نے متفقہ طور پر منظورکرلیا تھا۔
گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے آفیشل کٹ کا اعلان کیا تو اُس پر بھارت کا نام قابلِ ذکر طور پر موجود تھا۔
دوسری جانب رواں ایشیاءکپ کے ایڈیشن کا میزبان پاکستان ہے لیکن ٹیمز کی جرسی پر میزبان ملک کا نام درج نہ ہونے پر پاکستانی فینز مایوسی کا اظہار کررہے ہیں جبکہ مختلف دلائل بھی پیش کررہے ہیں۔ اس حوالے سے صارفین کا کہنا ہے کہ ایشیاءکپ کی میزبانی پاکستان کے پاس آتے ہی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کی جانب سے میزبان ملک کا نام، سال نہ لکھنے کا مقصد بہت صاف ہے کہ وہ بھارت کی جرسی پر پاکستان کا نام نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ ایشیاءکپ میں پاک بھارت ٹیمیں 2 ستمبر کو سری لنکا میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔