لاہور: بولنگ ایکشن قوانین کے حوالے سے آئی سی سی پر تنقید کرنے والے محمد حفیظ کو پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی سے معافی مل گئی۔
آل راﺅنڈر پی سی بی کی ڈسلپنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا موقف بیان کیا، کمیٹی نے ان کی وضاحت قبول کرتے ہوئے اپنا موقف میڈیا کے سامنے بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں محمد حفیظ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرا مقصد آئی سی سی کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے قوانین کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں تھا۔
اپنے انٹرویو میں کسی بھی کرکٹ بورڈ کا ذکر نہیں کیا، میرے بیان میں صرف بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے تجاویز دی گئیں تاکہ کسی شک و شبے کی گنجائش نہ رہے، بدقسمتی سے میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر غلط رنگ دیا گیا۔