لاہور: قومی کرکٹرعمراکمل نے اسپاٹ فکسنگ کی آفرز کا انکشاف کیا ہے جس پر نیا پنڈورا باکس کھل گیا ہے۔
قومی کرکٹر عمر اکمل خراب پرفارمنس اور نظم و ضبط کے مسائل کے باعث کافی عرصے سے قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے مگر اس دوران وہ کئی مرتبہ ایسے بیانات دے چکے ہیں جن سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوا اور اب ایک مرتبہ پھر انہوں نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
عمر اکمل نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران انہیں صرف 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچز سے پہلے انہیں فکسنگ کی آفر ہوتی رہیں، ورلڈ کپ 2015 میں بھی پیشکش ہوئی تھی کہ 2 گیندیں چھوڑ دو تو ہم تمہیں 2 لاکھ ڈالر دے دیں گے جب کہ اس حوالے سے ہر بار بورڈ کو مطلع کیا۔
دوسری جانب عمرا کمل کے اسپاٹ فکسنگ بیان کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل بھی حرکت میں آ گئی ہے، آئی سی سی نے بیٹسمین کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کی عالمی باڈی کے مطابق عمر اکمل کے فکسنگ سے متعلق بیان کی تحقیقات ہوگی، فکسنگ جیسے معاملات پر کھلاڑی کا بروقت رپورٹ کرنا کافی اہم ہے، آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار جلد عمر اکمل سے بات کریں گے۔