پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں منعقدہ 3 ملکی ڈس ایبل کرکٹ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔
ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو 45 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کرلیا، ناکام سائیڈ کے لیام برائن آل راونڈ کارکردگی کے باوجود اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے، پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر189رنز اسکور کیے، حسنین عالم نے 36 گیندوں پر48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے بھی شامل تھے۔
دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں محمد شہباز نے34، سیف اللہ نے31، ماجد حسین نے19، مطلوب قریشی نے15، جہاں زیب ٹوانہ نے 13 اور نہار عالم نے12رنز بنائے، لیام برائن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں انگلینڈ ڈس ایبلڈ ٹیم 18.2 اوورز میں144رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لیام نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 40 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے، جورڈن ولیمز نے 17 اور ایلکس ہیمنڈز نے 16 رنز اسکور کیے، عبداللہ اعجاز نے 22 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں، جہاں زین ٹوانہ اور وقاف شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔