قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابق چیمپئین ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ پر فاسٹ بولر نسیم شاہ کی صلاحیتوں کو درست طریقے سے استعمال نہ کرنے پر سوال اٹھادیا۔
مقامی اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم باؤلنگ کے شعبے میں اپنے وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کررہی، وہ نہیں جانتے کہ نسیم کو کہاں اور کیسے استعمال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آبادیونائیٹڈ کی ٹیم اپنے اسپنرز کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کررہی ہے، کراچی کنگز کیخلاف میچ میں بھی شاداب خان اور آغا سلمان نے اپنے اوورز مکمل نہیں کیے جبکہ پچ سے انکو مدد مل رہی تھی۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کے غلط فیصلے انہیں پوائنٹس ٹیبل پر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ کراچی کنگز کا ایک موقع پر اسکور 140 نظر آرہا تھا لیکن انہوں نے 165 رنز بنالیے، اگر یونائیٹڈ کے اوپنرز اچھا آغاز نہ دیتے تو انہیں مشکلات پیش آسکتی تھیں۔