کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا

 پی ایس ایل4 کوالیفائر میں بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی میں مقابلے کیلیے میدان سج گیا جب کہ دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا۔

پی ایس ایل 4کے یو اے ای میں میچز مکمل ہونے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ پشاورزلمی 12 پوائنٹس دوسرے نمبر پر تھے، دونوں کا کراچی کنگز کیخلاف ایک،ایک میچ باقی تھا، سرفراز الیون کوایک رن سے مات ہوئی، ڈیرن سیمی الیون نے61رنز کی فتح کے ساتھ نہ صرف اپنے پوائنٹس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے برابر کر لیے بلکہ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت سرفہرست بھی ہوگئی تاہم آج کوالیفائر میچ میں دونوں ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا۔

فتحیاب ٹیم براہ راست فائنل تک رسائی حاصل کر لے گی، ناکام سائیڈ کو دوسرا موقع اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے مابین جمعرات کو شیڈول ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم کیخلاف جمعے کو میچ میں ملے گا۔

پہلے ایڈیشن2016 میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کانٹے دار مقابلے ہوئے، لیگ مرحلے میں دونوں نے ایک ایک میچ جیتا، کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 134 رنز کے معمولی ہدف کا دفاع کرتے ہوئے صرف ایک رن سے سرخرو ہوئے تھے،اعزاز چیمہ نے حیران کن اوور کرتے ہوئے 2وکٹیں حاصل کیں اور آخری گیند پر صرف ایک رن بننے دیا۔

2017 میں پہلا لیگ میچ پشاور زلمی نے جیتا، شارجہ میں دوسرا بارش کی نذر ہوا، کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 201 کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے اس باربھی ایک رن سے کامیابی حاصل کی،آخری گیند پر حسن علی رن آؤٹ ہوئے، پشاورزلمی نے کراچی کنگز کیخلاف ایلیمنیٹر ٹو جیت کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں 147کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز صرف 90 پر ڈھیر ہوگئے۔

گزشتہ ایڈیشن کے لیگ مرحلے میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا، ایلیمنیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو آخری اوور میں 25 رنز درکار تھے۔ انور علی نے لیام ڈاؤسن کو 3چھکے اور ایک چوکا جڑ کر فتح کی امید دلائی لیکن ساتھی بیٹسمین میر حمزہ رن آؤٹ ہوگئے، اس بار پشاور زلمی نے ایک رن سے کامیابی حاصل کی۔

پی ایس ایل 4 کے لیگ مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کیخلاف پہلے میچ میں 6 دوسرے میں 8 وکٹ سے فتح پائی، اب ایک بار پھر دونوں ٹیموں کا کوالیفائر میں آمنا سامنا ہو رہا ہے۔ ابھی تک 12 باہمی مقابلوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6، پشاور زلمی نے 5 میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

ٹیموں کی قوت کو دیکھا جائے تو پشاور زلمی کے جارح مزاج بیٹسمین کامران اکمل نے آخری لیگ میچ میں 48گیندوں پر 86 کی اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کی نوید سنا دی تھی، امام الحق بھی تسلسل کے ساتھ رنز بنا رہے ہیں،لیام ڈاؤسن قابل بھروسہ بیٹسمین ہیں۔

کیرون پولارڈ اور ڈیرن سمی چند گیندوں میں میچ کا نقشہ بدل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ویسٹ انڈیز کیخلاف انٹرنیشنل سیریز میں انگلینڈ کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد اسکواڈ کو دوبارہ جوائن کرنے والے کرس جورڈن کا شمار بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے، حسن علی 21 وکٹوں کے ساتھ پی ایس ایل 4کے کامیاب ترین بولر ہیں، برق رفتار وہاب ریاض ٹورنامنٹ کے ٹاپ پرفارمرز میں شامل ہیں، ثمین گل، عمید آصف اور ٹائمل ملز بھی وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس شین واٹسن جیسا بڑا نام موجود ہے، آسٹریلوی کرکٹر 352 رنز کے ساتھ بیٹسمینوں میں سرفہرست ہیں،عمر اکمل بہترکارکردگی کی بدولت آسٹریلیا سے سیریز کیلیے قومی اسکواڈ میں جگہ بنا چکے، احمد شہزاد کی فارم بھی لوٹ آئی ہے، رلی روسو پُراعتماد بیٹسمین ہیں، کپتان سرفراز احمد اپنی افادیت ثابت کر چکے، ڈیوائن براوو، انور علی اور محمد نواز جیسے آل راؤنڈرز بیٹنگ اور بولنگ دونوں سے تہلکہ مچا سکتے ہیں۔

تجربہ کار پیسر سہیل تنویر اور متاثر کن کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے نوجوان پیسر محمد حسنین بھی ایکشن میں ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کی کوشش ہوگی کہ میچ میں فتح حاصل کرکے اتوار کو ہونے والے فائنل کیلیے ٹکٹ کٹوالیں۔