آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم معرکے سے قبل بھارتی محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کردی۔
بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 4 نومبرکو ہفتے کے روز مدمقابل آئیں گی، تاہم اس میچ سے قبل ہی محکمہ موسمیات نے شائقین کرکٹ کو خبردار کردیا ہے۔
اس میچ کے حوالے سے شائقین کرکٹ میں بے حد جوش و خروش پایا جاتا ہے تاہم خدشہ ہے کہ بارش کے باعث اس جوش و خروش پر پانی پھر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ بنگلورو میں ہفتے کے روز دوپہر کے اوقات میں بارش ہونے کے 70 سے 80 فیصد امکانات ہیں۔ گرین شرٹس کیلئے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کی اہمیت اس لیے بڑھ گئی ہے کہ سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو روشن رکھنے کیلئے انہیں اپنے اگلے دونوں میچز میں لازمی فتح درکار ہے۔
پاکستان کیلئے اس میچ میں جیت کا مارجن بہت اہمیت رکھتا ہے، قومی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر اجاگر ہونے کے لیے 84 رنز کی جیت یا 35 اوورز کے اندر ہدف حاصل کرنا ہوگا جس کے باعث ان کا نیٹ ریٹ کیویز سے بہتر ہوسکتا ہے اور ٹاپ فور میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب اگر میچ بارش کی وجہ سے واش آؤٹ ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا تاہم اس کا اثر نیٹ رن ریٹ پر نہیں پڑے گا۔