سابق کرکٹر رمیز راجہ نے باصلاحیت قومی بلے باز بابر اعظم کو چیلنج کردیا

کرکٹر سے کمنٹیٹر بننے والے سابق پاکستانی کھلاڑی رمیز راجہ نے اپنی تازہ ترین یوٹیوب ویڈیو میں کہا ہے کہ بابر اعظم اچھے بلے باز ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 100 سے زیادہ ہے تاہم وہ تھوڑی زیادہ محنت کرکے مزید اچھے بیٹسمین بن سکتے ہیں۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم میں وہ صلاحیت ہے کہ وہ مزید اچھے بیٹس مین بن سکتے ہیں انہوں نے بابر اعظم کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اپنی بلے بازی کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لائیں اور اپنا اسٹرائیک ریٹ 120 سے 130 تک لے کر جائیں۔

گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے دوسرے ون ڈے میں بابر اعظم نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ تاہم رمیز راجہ انہیں اس سے زیادہ اچھے بیٹسمین کے طور پر دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

رمیز راجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے دوسرے ون ڈے میں 5 وکٹیں لینے والے عثمان شنواری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی مردہ پچ پر 5 وکٹیں لینا آسان نہیں تھا، عثمان شنواری نے 5 وکٹیں لے کر ثابت کیا ہے کہ وہ باصلاحیت بالر ہیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں اپنے پہلے اسپیل میں پٹنے کے بعد عثمان شنواری اپنا اعتماد کھوبیٹھے تھے جس کے بعد ان کا فوکس بھی کہیں گم ہوگیا اور وہ الٹی سیدھی گیندیں کرانے لگے مگر سری لنکا کے ساتھ مقابلے میں ایسا نہیں تھا کراچی کی مردہ پچ پر عثمان شنواری نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔