بگ بیش کے میچ میں پاکستانی بولر حارث رؤف کی ہیٹ ٹرک

 حارث رﺅف نے ایک بار پھر بگ بیش لیگ میں دھوم مچادی اور وہ آسٹریلوی لیگ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔

بگ بیش لیگ میں پاکستانی بولر حارث رؤف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، حارث رؤف نے لیگ کے میچ میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سڈنی تھنڈرز کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔

میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی پیسرز نے سڈنی تھنڈرز کیخلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ سرانجام دیا، حارث رؤف نے آخری اوور میں صرف 1 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں.

اننگز کی آخری اوور میں بولنگ کیلیے آئے تو دوسری گیند پر پہلا شکار میتھیو گلکز(41) کو بنایا، کیچ سندیپ لامی چینے نے لیا، اگلی بال پر پیسر نے کیلم گرگوسن(35) کی بیلز فضا میں بکھیر دیں، ڈینیئل سیمز کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی بولڈ کرکے انہوں نے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

اس اوور میں حارث روﺅف نے صرف 2رنز دیئے، مجموعی طور پر میچ میں انہوں نے 23رنز کے بدلے میں 3شکار کئے، بگ بیش لیگ کے کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں پاکستانی پیسر دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے صرف  4میچز میں 7.23کی اوسط سے 13وکٹیں حاصل کی ہیں،ڈینیئل سیمز نے 14شکار کئے لیکن وہ 8واں میچ کھیل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی بولر حارث رؤف کو ڈیل اسٹین کی جگہ شامل کیا گیا تھا، ڈیل اسٹین کے فٹ ہونے پر ٹیم مینجمنٹ نے حارث روف کو ڈراپ کردیا تھا تاہم اسپنر سندیپ لامی چینے کی انجری کے باعث حارث رؤف کو شامل کیا گیا۔