بھارتی کرکٹر امباتی رائیڈو کے بولنگ کرانے پر پابندی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی آل راﺅنڈر امباتی رائیڈو کو مشکوک بولنگ ایکشن پر بولنگ کرنے سے روک دیا۔

13 جنوری کو آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سڈنی میں پہلے ایک روزہ میچ کے دوران 33 سالہ بھارتی بولر امباتی کا بولنگ ایکشن مشکوک پایا گیا تھا۔ انہوں نے صرف 2 اوورز کئے اور 13 رنز دے کر کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

انہیں آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ 14 روز میں کروانا تھا لیکن انہوں نے ٹیسٹ جمع نہیں کروایا جس پر آئی سی سی نے انہیں بولنگ کروانے سے روک دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق امباتی اس وقت تک بولنگ نہیں کروا سکیں گے جب تک وہ اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ نہیں کروالیتے اور اس میں کلیئر نہیں ہوجاتے۔

بھارتی کھلاڑی کو ملکی سطح پر بولنگ کروانے کی اجازت ہوگی لیکن وہ انٹر نیشنل میچز میں باولنگ نہیں کروا سکیں گے۔ امباتی بنیادی طور پر بیٹسمین ہیں جس کی وجہ سے بولنگ ایکشن پر پابندی ان کے کیریئر پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوگی۔