قومی پلیئرسعود شکیل اپنی زبردست اننگز کی بدولت سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سعود شکیل نے جے سوریا کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی جس کے ساتھ ہی انہوں نے لنکن سرزمین پر سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
ان سے پہلے محمد حفیظ نے 2012ء میں کولمبو ٹیسٹ میں 196 رنز اسکور کیے تھے۔ اس سے قبل سعود شکیل نے منفرد اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے جاوید میانداد کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ 27 سالہ سعود شکیل اپنے کیریئر کی ابتدائی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں 141 واں رن لے کر عبداللّٰہ شفیق اور جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کیریئر کا 721 واں ٹیسٹ رن اسکور کیا۔
عبداللّٰہ شفیق نے ابتدائی 11 اننگز میں 720 رنز بنائے تھے جبکہ جاوید میانداد نے کیریئر کی ابتدائی 11 اننگز میں 654 رنز بنائے تھے۔ قومی ٹیم کے سابق بلے باز سعید احمد اپنی پہلی 11 ٹیسٹ اننگز میں 619 رنز اسکور کرکے اس فہرست میں چوتھے جب کہ سابق اوپنر سعید انور 607 رنز کے ساتھ 5ویں نمبر پر براجمان ہیں۔