محمد رضوان کا ہارورڈ اسکول میں اپنی استاد کو قرآن مجید کا تحفہ

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام کے آخری روز اپنی استاد کو قرآن مجید کا تحفہ پیش کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک شاندار تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اپنی ٹیچر کو قرآن مجید کا تحفہ پیش کررہے ہیں۔

قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ہارورڈ بزنس اسکول میں اپنی ہم جماعتوں کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں بابر اعظم کے ہمراہ کلاس میں سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن فرانسس نگانو اور چیلسی فٹبال کلب کے کپتان سیزر ازپیلیکوٹا بھی موجود تھے جو کہ ہارورڈ میں ان کے ہم جماعت ہیں۔

بابراعظم اور محمد رضوان نے حال ہی میں ہارورڈ بزنس اسکول کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام میں حصہ لیا، جس میں وہ بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس پر کورسز کررہے تھے۔

واضح رہے کہ محمد رضوان کو میدان میں اپنی شاندار صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ خاص طور پر مختلف ممالک کے کرکٹ دوروں کے دوران مختلف مساجد میں اپنی تقریروں کے ذریعے اسلام کے پیغام کو پھیلانے کی کوششوں کے لیے بھی پہچانا جاتا ہے۔