بھارتی کپتان روہت شرما نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی۔ کہتے ہیں پاکستان ایک بہترین ٹیم ہے، شائقین کرکٹ کو ٹکر کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے روایتی حریف پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کردی، روہت شرما نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ میچوں میں مستقل بنیادوں پر بھارت کا سامنا کرنے کے امکان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سابق انگلش کرکٹ مائیکل وان نے ایک پوڈ کاسٹ کی میزبانی کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما سے سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ پاکستان اور بھارت کا مستقل بنیادوں پر کھیلنا کرکٹ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا؟۔
اس کے جواب میں بھارتی کپتان نے کہا کہ میں اس پر پوری طرح یقین رکھتا ہوں، یقیناً پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے، ان کے پاس شاندار بولنگ لائن اپ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے شائقین کو ٹکر کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ میرے خیال میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا آخری ٹیسٹ میچ 2006 یا 2008 [2007] میں کھیلا گیا تھا، جہاں وسیم جعفر نے کولکتہ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔
مائیکل وان نے روہت شرما سے سوال کیا کہ کیا وہ پاکستان کے ساتھ باقاعدہ سیریز شیڈول ہونے کو پسند کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، آئی سی سی مقابلوں میں بھی تو کھیلتے ہیں، مجھے کرکٹ میں دلچسپی ہے اور میں کچھ نہیں دیکھ رہا۔،،
واضح رہے کہ سال 2007 کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی گئی، ناخوشگوار سیاسی تعلقات کے باعث دونوں روایتی حریف اب صرف آئی سی سی کے تحت ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔