دنیائے کرکٹ میں آج کل پاکستان کے حال ہی میں مقرر ہونے والے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی تنخواہ کو لے کر خاصی باتیں ہورہی ہیں- اگر ان کی تنخواہ کا ان کے بھارتی ہم منصب روی شاستری سے موازنہ کیا جائے تو مصباح کی تنخواہ مونگ پھلیوں کے برابر دکھائی دیتی ہے۔
ممبئی مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے شاستری کی تنخواہ میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ یکم ستمبر سے شروع ہونے والے ان کے نئے کنٹریکٹ کے مطابق ان کی تنخواہ ماہانہ 18000000 پاکستانی روپے متوقع ہے۔
57 سالہ روی شاستری کو اپنی خدمات کے عوض سالانہ 210000000 پاکستانی روپے ملیں گے۔ جبکہ اس سے قبل انہیں سالانہ 175000000 روپے ادا کیے جارہے تھے۔
دوسری جانب پی سی بی نے ابھی تک مصباح الحق کی تنخواہ کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا ہے تاہم پی سی بی کے سی ای او کا کہنا ہے کہ مصباح کو سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر جتنی تنخواہ ہی دی جائے گی۔ یہاں یہ بتادینا بھی ضروری ہے کہ مکی آرتھر کو 20000ڈالر ماہانہ تنخواہ دی جاتی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ مصباح الحق کو ماہانہ تقریباً 3200000 روپے ملیں گے جو کہ سالانہ 40000000 روپے کے قریب بنیں گے۔
دیگر ممالک میں کوچ اور چیف سلیکٹرز کی تنخواہیں پاکستان کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں۔ بھارت کے بالنگ کوچ بھرت ارن اور فیلڈنگ کوچ راما کرشنن سری دھر کے اندازاً سالانہ تنخواہ 76،500000 پاکستانی روپے ہے جبکہ انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کی تنخواہ 520،000 ڈالر ہے۔