پاکستان کی ثنا میر نے دنیا کی بہترین بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا

پاکستان کی ثنا میر نے دنیا کی بہترین بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا،وہ آئی سی سی کی ٹوئنٹی20 رینکنگ میں ٹاپ فائیو آل راﺅنڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں، تاہم پاکستانی کوئی بھی پلیئر ٹاپ20 بیٹسٹوومین تک رسائی حاصل نہیں کرسکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مردوں کے بعد خواتین کی بھی ٹوئنٹی 20 کی عالمی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے۔آئی سی سی کی طرف سے جاری کر دہ ویمنز ٹوئنٹی20 رینکنگ میں آسٹریلیا141 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ٹاپ پر ہے، پاکستان72 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ دوسرے، بھارت تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، ویسٹ انڈیز چھٹے، سری لنکا آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔

بولنگ میں پاکستان کی ثناءمیر ٹاپ پر ہیں، ان کے مجموعی پوائنٹس 663ہیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ ثناءمیر پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جو آئی سی سی کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔آسٹریلیا کی میگان دوسرے اور جنوبی افریقہ کی ایم کیپ تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان کی ثنا میر ہی دنیا کی ٹاپ پانچ آل راﺅنڈر پلیئرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔آسٹریلیا کی ایلسے پیری پہلے، ویسٹ انڈیز کی سٹیفنی ٹیلر دوسرے، جنوبی افریقہ کی ڈی وین نیکرک تیسرے اور بھارت کی دیپتی شرما چوتھے نمبر پر ہیں۔پاکستانی کوئی بھی پلیئر ٹاپ بیس بیسٹومین میں جگہ نہیں بنا سکی۔ آسٹریلیا کی ایلسے پیری پہلے نمبر پر ہیں۔