ثنا میر نے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ٹیم میں جگہ بنالی

ثنا میر نے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنالی وہ یہ اعزاز پانے والے پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔

سال اور ایک روزہ کرکٹ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھارتی سمرتی مندانا کے نام رہا، ٹی ٹوئنٹی کی بیسٹ پلیئر الیسا ہیلی، ایمرجنگ کرکٹر صوفی ایکلیسٹون کو قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر بنائی گئی آئی سی سی ویمنز ڈریم ٹیم میں بھارتی سمرتی مندانا، انگلینڈ کی ٹیمی بیوماؤنٹ،صوفی ایکلیسٹون،کیوی سوزی بیٹس(کپتان)،صوفی ڈیوائن، جنوبی افریقی ڈین وین نیکرک، میریزانے کیپ،آسٹریلوی الیسا ہیلی(وکٹ کیپر)، ویسٹ انڈین ڈینڈرا ڈوٹن، پاکستان کی ثناء میر اور بھارتی پونم یادو کو جگہ ملی ہے۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں کوئی پاکستانی کرکٹر شامل نہ ہو سکی۔ دوسری جانب آئی سی سی کرکٹرآف دی کا ایوارڈ سمرتی مندانا کے نام ہوا،بھارتی اسٹار ون ڈے کی بہترین کھلاڑی بھی قرار پائیں،ٹی ٹوئنٹی کی بیسٹ پلیئر کا اعزاز الیسا ہیلی نے پایا، ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ صوفی ایکلیسٹون لے اڑیں۔

یاد رہے کہ 2018 میں ثنا میر نے عالمی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پر جگہ بنائی اور وہ یہ اعزاز پانے والی پہلی پاکستانی خاتون پلیئر بنیں، اب انھیں کسی آئی سی سی ویمنز ٹیم آف دی ایئر کا حصہ بننے والی ملک کی پہلی ویمن کرکٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔ ثناء میر نے ون ڈے میں 33اور ٹی ٹوئنٹی میں 14شکار کیے،جویریہ خان کا بیٹ بھی خوب چلا، کپتان نے ایک روزہ میچز میں 227اور ٹی ٹوئنٹی میں 454رنز اسکور کئے، انھوں نے اس دوران کئی یادگار اننگز کھیلیں۔کوچ مارک کولز کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمنز کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ رہا لیکن نمایاں بہتری بھی دیکھنے میں آئی،پلیئرز نے اچھا تجربہ حاصل کیا ہے، ہم پرفارمنس میں مزید نکھار لانے کیلیے پُرامید ہیں۔