کپتان کا بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر اظہارِ مایوسی

 پہلا ٹیسٹ گنوانے کے بعد سرفراز احمد نے بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر اظہار مایوسی کیا ہے۔

پاکستانی کپتان نے کہاکہ دوسرے روز آخری سیشن میں ناقص کھیل کی وجہ سے ہی میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تھا، ہمیں اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز ہیں لیکن کسی بھی حریف کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کیلیے بیٹنگ لائن کی جانب سے اچھا ٹوٹل حاصل کرنا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں چائے کے وقفے تک ہم بہتر پوزیشن میں تھے لیکن آخری سیشن میں بہت زیادہ وکٹیں اور بڑے اسکور کا موقع گنوایا، اگر مزید ایک گھنٹہ بیٹنگ کرتے تو پروٹیز کو بہتر ہدف دے سکتے تھے، آخری سیشن میں ناقص کھیل کی وجہ سے ہی میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تھا، فارم میں واپسی کیلیے ہمیں نیٹ میں بہت سخت محنت کرنا ہوگی۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ دوسری اور چوتھی اننگز میں بیٹنگ مسلسل مشکلات کا شکار ہو رہی ہے، ہم اچھا آغاز کرتے ہیں لیکن ایک وکٹ گرتے ہی میچ پر گرفت کمزور پڑنے لگتی ہے، دباؤ کا شکار ہوتے ہی ہماری مشکلات بڑھ جاتی ہیں، ہیملٹن ٹیسٹ 2016 سے ہی یہ سلسلہ چلا آ رہا ہے،اب کافی وقت ہو گیا، ہمیں اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا، کپتان نے دبے لفظوں میں پچ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں ڈھائی دن ہی میں میچ ختم ہو گیا، کسی بھی بیٹسمین کیلیے آغاز کرنا آسان نہیں تھا۔