پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
بولاوایو میں کھیلے جارہے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے کے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز برا چاری اور چامو چبھابھا نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 18 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد مساکانڈا اور مساکاڈزا نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور آگے بڑھایا۔ مساکاڈزا نے 59 اور مساکانڈا نے 24 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔
مساکاڈزا اور مساکانڈا کے درمیان 65 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد پیٹر مورے نے اسکور آگے بڑھایا اور نصف سنچری اسکور کی تاہم اس کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بولاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو 201 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔