پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بولاوایو جانے سے روک دیا گیا۔
زمبابوے میں30 جولائی کو انتخابات ہونا ہیں، 23 جون کو بولاوایو کے وائٹ سٹی اسٹیڈیم میں صدر ایمرسن ایم نگاگوا کی ریلی میں دھماکے سے2 افراد ہلاک اور49 زخمی ہو گئے تھے، اس واقعے پرآسٹریلیا نے سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کیا مگر پھر ٹیم دورے پر رضامند ہو گئی تھی۔
ٹرائنگولر سیریز کے تمام میچز ہرارے میں ہوئے، اب پاکستانی ٹیم کو میزبان سے پانچ ون ڈے میچز کھیلنے کیلیے پیر کی شام بولاوایو روانہ ہونا تھا، بس کے ذریعے کھلاڑیوں کا سامان بھی بھیج دیا گیا تھا مگر جب سب ایئرپورٹ جانے کیلیے تیار بیٹھے تھے تو اچانک پیغام ملا کہ ’’ہوٹل میں کمروں کی عدم دستیابی‘‘ کے سبب بولاوایو جانا ملتوی ہو گیا، اب جمعرات کو روانگی ہوگی۔
ہرارے سے بووایو کا بس سے سفر پانچ گھنٹے جبکہ فلائٹ 45 منٹ کی ہے، پاکستانی ٹیم کے سیکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اعظم پیر کی صبح ہی انتظامات کا جائزہ لینے وہاں پہنچ چکے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی کرکٹرز سیکیورٹی معاملات سے پریشان اور چاہتے ہیں کہ ون ڈے سیریز بھی ہرارے منتقل کر دی جائے، مگر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ایم او یو کے تحت ایسا ممکن نہیں ہوگا، زمبابوے بھی نہیں چاہتا کہ وینیو تبدیل کرے کیونکہ اس سے دنیا پر منفی پیغام جائیگا۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ون ڈے جمعے کو شیڈول ہے، دیگر میچز 16،18،20 اور22 جولائی کو ہونگے۔