پروویڈینس: کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شعیب ملک اور شاداب خان کی ٹیم گیانا ایمیزون واریئرز نے سینٹ کٹس اینڈ نیواس پیٹریاٹس کو دلچسپ مقابلے میں 8 وکٹ سے ٹھکانے لگادیا، بیٹسمین نے 23 رنز بنائے ، اسپنر نے 2 شکار کیے، ناکام الیون میں شامل محمد حفیظ 14 رنز بناپائے جبکہ بولنگ میں بھی وہ یکسر ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شعیب ملک اور شاداب خان کی ٹیم گیانا ایمیزون واریئرز نے فتح سمیٹ لی، ناکام سائیڈ نے پہلے کھیل کر مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کھوکر 153 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، اوپنرز جورن اوٹیلی (15) اور ایون لوئس (9) رنز بناکر میدان بدر ہوئے، ڈیون تھامس نے 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 62 رنز بنائے، محمد حفیظ نے 14 رنز بنانے کیلیے 18 بالز کا سامنا کیا، فابیان ایلن 19 گیندوں پر 33 رنز بٹورنے میں کامیاب رہے، کپتان کارلوس بریتھ ویٹ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، فاٹا کی ٹیم سے تعلق رکھنے والے اسامہ میر بھی کوئی رن نہیں بناپائے، پاکستانی اسپنر شاداب خان نے 20 رنز دیکر2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
بین لینگلین نے بھی 2 شکار کیے، واریئرز نے ہدف 18.5 اوورز میں 2 وکٹ 159 رنز بناکر کامیابی سمیٹ لی، شمرون ہٹمائر اور شعیب ملک کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 64 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی، ہٹمائر 47 گیندوں پر 70 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستانی اسٹار نے 20 بالز پر 23 رنز اسکور کیے، شعیب کی اننگز میں 3 چوکے بھی شامل رہے، چندرپال ہیمراج نے 39 اور برینڈون کنگ 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔حفیظ نے 2 اوورز میں 19رنز دیے لیکن وہ کوئی وکٹ نہیں لے پائے، اسامہ میر کو ایک اوور میں 18 رنز کی مار برداشت کرنا پڑی۔