کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دینی چاہیے، انہیں چاہیے کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ پر توجہ دیں۔
آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ قریب ہے، سرفراز احمد ذہنی طور پر پہلے سے تیار رہیں، میں پہلے تینوں فارمیٹس میں سرفراز احمد کی کپتانی کی حمایت میں تھا تاہم اب سرفراز کو چاہیے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑ کر تمام تر توجہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پر مرکوز کرلیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے کراچی میں امن لوٹ آیا ہے، پورے ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے، ملکی حالات میں بہتری کا کریڈٹ ہمارے سیکیورٹی اداروں کو جاتا ہے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی تھا۔