اہلیہ پر تشدد کے الزام میں محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری

 بھارتی عدالت نے اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں فاسٹ بولر محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ کی علی پور عدالت نے محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں کی درخواست پر ان کے شوہر اور دیور کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔ حسین جہاں کا موقف ہے کہ محمد شامی اور ان کے بھائی نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ عدالتی حکم کے باوجود محمد شامی پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

عدالت نے محمد شامی کو خود کو قانون کے حوالے کرنے اور ضمانت کی درخواست دائر کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دی ہے جب کہ ان کے بھائی کے خلاف وارنٹ پر فوری عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محمد شامی کی اہلیہ ان پر دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات اور میچ فکسنگ کے الزام بھی عائد کرچکی ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر محمد شامی کی جانب سے ہراساں کئے جانے کے شواہد بھی پیش کئے تھے۔