اپنی ایک یوٹیوب ویڈیو میں سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے کہا کہ شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔ مجھے یقین ہے کہ پی ایس ایل 5 کے ڈرافٹ میں شرجیل خان کو منتخب کرلیا جائے گا۔ اور پی ایس ایل میں ان کی کارکردگی ان کی قومی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کرے گی۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک دھواں دھار بلے باز کی ضرورت ہے جس کی جارحانہ بلے بازی کو دیکھ کر دیگر اوپنر بھی ان کا طرزِ عمل اپنانے کی کوشش کریں گے اور یہ چیز پاکستانی ٹیم کا مائنڈ سیٹ بدل سکتی ہے۔
سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے بھی اس حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ شرجیل خان کو ضرور قومی کرکٹ میں واپس آنا چاہیے وہ اس کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرجیل خان پی ایس ایل 5 کے ڈرافٹ میں سب سے مہنگے اور پسندیدہ کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔ پی ایس ایل میں شامل ہر فرنچائز اس وقت شرجیل خان کو لینے کی کوشش میں ہے۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ شرجیل ایک بہترین کھلاڑی ہیں اگر پی سی بی کی جانب سے انہیں پاکستانی ٹیم میں واپس آنے کی اجازت ملتی ہے تو پھر ان کی واپسی کے حوالے سے کسی بحث کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
دوسری جانب پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے شرجیل خان کی پی ایس ایل ڈرافٹ میں شمولیت کا اشارہ دیا ہے۔
شرجیل خان حال ہی میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک امتحان میں نظر آئے تھے جہاں انہوں نے تحریری طور پر ٹیسٹ دیا اور اس میں کامیابی حاصل کی۔ جس کے بعد انہیں بہاولپور، شیخوپورہ اور کراچی جا کر صوبائی سطح پر ہونے والے یوتھ ایونٹس میں جونیئر ٹیموں کو لیکچر دینے کو کہا گیا ہے۔ حال ہی میں پی سی بی کی جانب سے شرجیل خان کو کلیئر قرار دینے کے بعد کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جاچکی ہے۔