شعیب محمد کا نجم سیٹھی پر کوچنگ کیریئر تباہ کرنے کا الزام

 شعیب محمد نے نجم سیٹھی  پر کوچنگ کیریئر تباہ کرنے کا الزام لگا دیا۔

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے 2014/15 میں شعیب محمد کو قومی ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا تھا لیکن تھوڑے عرصے بعد ہی فارغ کر دیا۔ پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ میں نے ذمہ داری ملنے پر اچھا کام کیا لیکن اچانک مجھے ہٹا دیا گیا،میں اس وقت کے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے اس حیران کن فیصلے کی کوئی وجہ آج تک سمجھ نہیں سکا، میرا کوچنگ ٹریک ریکارڈ تباہ کرنے والے ان کے اس فیصلے کا مجھے بہت دکھ ہوا۔

شعیب محمد نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ مشکل وقت میں ہی مجھے یاد کرتا ہے، ایک غیرجانبدار رکن کے طور پر سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا، عبدالقادر اور سلیم جعفر کی نجی مصروفیات کی وجہ سے کپتان یونس خان کے ساتھ مل کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009 کیلیے ٹیم بنائی جو ٹائٹل بھی جیت گئی لیکن شاندا کامیابی کے ایک ہفتے بعد ہی سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی گئی۔

انھوں نے کہا کہ سازگار وکٹوں پر پاکستان کی بیٹنگ لائن بہتر ہے لیکن ہمیشہ موافق حالات میسر نہیں آتے، مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے میں پاکستانی بیٹسمینوں کو مشکلات پیش آتی ہیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی کارکردگی کو فتح اور شکست کے پیمانے سے نہیں ناپنا چاہیے، میں نے کئی بار دیکھاکہ مشکل کنڈیشنز میں وہ کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے میں قطعی طور پر ناکام رہے۔