ایشیا کپ میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا، سرفراز احمد

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ یو اے ای میں پچز سلو ہوتی ہیں، کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی ٹیم پلان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کیلیے تمام ٹیموں نے مضبوط اسکواڈز منتخب کیے ہیں، افغانستان سمیت کسی کو بھی کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے، چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں فتح ماضی کا قصہ بن چکی ہے، نئے میچ میں نیا چیلنج ہوگا، تربیتی کیمپ میں اچھی تیاری کے بعد میدان میں اتر رہے ہیں، کوشش کریں گے کہ ٹیم پلان کے مطابق کارکردگی دکھائیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ غیر ملکی کوچز کی رہنمائی میں قومی کرکٹرز کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے، ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس کی کافی مصروفیات ہیں، تیاریوں کیلیے زیادہ وقت باقی نہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ محمد حفیظ ہمارے پلان کا حصہ ہیں، جہاں بھی ضرورت ہوئی، ان کو شامل کریں گے۔