آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سری لنکا نے پاکستان میں کھیلنے کی ہامی بھرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا نے پی سی بی کی درخواست پر پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی تجویز پر مثبت اشارے دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں مزید مذاکرات کے بعد جلد اس تجویز کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ کی میزبانی لاہور اور کراچی میں کرنے کا خواہاں ہے، اس حوالے سے پی سی بی حکام سری لنکن بورڈ کو ٹیم بجھوانے پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سری لنکن بورڈ کی طرف سے امید افزا جوابات کے بعد بورڈ حکام کو یقین ہے کہ جلد معاملات طے پا جائیں گے۔
آئی سی سی حکام بھی پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال اور پاکستان سپر لیگ کے میچز کے کامیاب انعقاد پر خوش ہیں اور اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں اگر بورڈز آپس میں بات چیت کرکے کھیلنے پر راضی ہوتے ہیں تو آئی سی سی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلا دیش بورڈ کے ساتھ بھی مذاکرات کررہا ہے جس میں یواے ای کے ساتھ پاکستان میں کھیلنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے، زیادہ امکان یہ ہی ہے کہ بنگلا دیش ٹیم کے ساتھ میچز یواے ای میں ہی ہوں گے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز کے لیے قومی ٹیم دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ بھی کررہی ہے ، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں کھیلیں گی اور ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 2021ء میں کھیلا جائے گا۔