ڈھیروں محبتیں سمیٹ کرسری لنکن کرکٹ ٹیم رخصت

ڈھیروں محبتیں سمیٹ کر سری لنکن ٹیم پاکستان سے رخصت ہوگئی۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت سے انکار کرنے والے آئی لینڈرز ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد مہمان نوازی کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے پر کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے اور انجیلو میتھیوز نے شاندار الفاظ میں فوج اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلیے پاکستان آئی تو ساتھ آنے سے انکار کرنے والے 10 کرکٹرز میں ڈیموتھ کرونا رتنے،انجیلو میتھیوز، دھننجیا ڈی سلوا، نیروشن ڈکویلا اور دنیش چندیمل بھی شامل تھے، محدود اوورز کی کرکٹ کے مقابلوں کا بہترین انداز میں انعقاد ہوا، کراچی اور لاہور میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

جس کے بعد قبل ازیں انکار کرنے والے یہ کرکٹرز بھی اعتماد کرتے ہوئے ٹیسٹ میچز کیلیے پاکستان آئے، ٹیم کراچی ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد ڈھیروں محبتیں کر براستہ کولمبو وطن واپس روانہ ہوئی، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ڈیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ میں یہ بتانے میں بڑا فخر محسوس کر رہا ہوں کہ پاکستانی فورسز اور ایس ایس جی (اسپیشل سروسز گروپ) نے ہماری سیکیورٹی کا بہت زیادہ خیال رکھا، مہمان نوازی بہترین تھی، ہم ایک شاندار کھیل کرکٹ کو دیکھنے اور ہمیں سپورٹ کرنے کیلیے اسٹیڈیم آنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پی سی بی کے بھی شکرگزار ہیں، انھوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔ اینجیلو میتھیوز نے کہا کہ پاکستان نے بہترین مہمان نوازی کے ساتھ شاندار سیکیورٹی بھی فراہم کی، ہمارا بہت خیال رکھا گیا، کرکٹرز نے خود کو اتنا ہی محفوظ محسوس کیا جتنا دنیا کے کسی اور حصے میں کرتے، ہمارا تحفظ یقینی بنانے پر ایس ایس جی سمیت سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کرکٹ کیلیے ایک محفوظ ملک ہے، اینجلیو میتھیوز نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئرکی۔