ایمن فاطمہ کی شاندار کارکردگی اور تیز رفتار بلے بازی نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جس کے باعث پاکستان انڈر 19ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پہنچ گیا۔
اوپنر ایمن فاطمہ کی تیز رفتار نصف سنچری نے پاکستان کو آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پہنچا دیا۔
ایمن فاطمہ نے 35 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 62 رنز بنائے جس کی مدد سے پاکستان نے زمبابوے کا دیا گیا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ ایمن فاطمہ نے اتوار کو روانڈا کے خلاف پاکستان کی آٹھ وکٹوں سے فتح میں ناٹ آؤٹ 65 رنز بنائے تھے، تاہم، منگل کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں ان کے جلدی آئوٹ ہونے سے پاکستان ہدف سے 53 رنز پیچھے رہ گیا تھا۔
پہلی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں شوال ذوالفقار نے ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے۔ ان کی 30 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے۔
تین میچوں میں اپنی دوسری جیت کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ، روانڈا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے ساتھ سپر سکس گروپ 2 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سپر سکس گروپ 2 میں پاکستانی ٹیم بالترتیب 23 اور 24 جنوری کو آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بیک ٹو بیک میچ کھیلے گی۔
اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے، بلے باز کیلس ایندھلوو نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے انوشہ ناصر نے 21 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ لائبہ ناصر اور اریشہ نور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔