ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل کا کہنا ہے کہ ہمیشہ مجھے احمد شہزاد کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، جو درست نہیں ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں بلوچستان کے خلاف میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر عمر اکمل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کم بیک کرنا کسی بھی کرکٹر کے لیے آسان نہیں ہوتا، ٹیم کوئی بھی ہو، جگہ بنانے کا پریشر ضرور ہوتا ہے، سری لنکا کے خلاف کم بیک کرتے ہوئے پہلی بال گیند پر آوٹ کرنا بدقسمتی ہی کہ سکتا ہوں۔
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ اچھی پرفارمنس نہیں دے پایا، مزید محنت کررہا ہوں اور یقین ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح جوچیف سلیکٹر بھی ہیں، وہ دوبارہ ضرور پورا موقع دیں گے اور میں اس بار مایوس نہیں کروں گا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے جس میں پی سی بی کی کوششوں کے ساتھ میڈیا نے بھی بھرپورکردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے آسٹریلیا میں موجود پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نئے لڑکوں کو بھی چانس دیا، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، یقین ہےکہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی کرکٹرز بہترین پرفارمنس دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مجھے احمد شہزاد کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، جو درست نہیں ہے، ہم دونوں کا الگ الگ مقام اور پہچان ہے، ہم دونوں کے مختلف رولز ہیں۔