پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بالرز کی جانب سے کرائی گئی 21 نو بالز ایمپائرز کی نظروں میں نہ آسکیں۔
پاکستان کے 16 سالہ بالر نسیم شاہ نے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کی وکٹ لی تو ایمپائر فوری طور پر یہ جانچنے میں ناکام رہے کہ نسیم شاہ کا پائوں کریز سے باہر نکل چکا تھا تاہم جب ریپلائے میں چیک کیا گیا تو نسیم شاہ کا پائوں کریز سے باہر نکلتا دکھائی دیا۔
آسٹریلوی کرکٹر ٹرینٹ کوپلینڈ نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی بالرز کی جانب سے کرائی گئی نو بالز کو گرائونڈ ایمپائرز کی آنکھ پکڑنے میں ناکام رہی۔ ٹرینٹ کوپلینڈ نے ویڈیو کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے کہ ایمپائرز کی نظر سے اوجھل رہنے والی نو بالز کو 7 اسپورٹس اینالسٹ کی جانب سے بار بار نشاندہی کی گئی کہ یہ نو بالز ہیں مگر گرائونڈ ایمپائرز کے کان پر جوں تک نہ رینگی، یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی نو بال پر آئوٹ قرار دیا گیا تھا جبکہ کیمرے کی آنکھ میں بار بار دیکھا جاسکتا ہے کہ بالر کا پائوں کریز سے باہر نکل رہا تھا-