وقار یونس کا عاقب جاوید پر جوابی وار

پاکستان کے بالنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید پی ایس ایل کے دوران لاہور قلندرز کے چھ سات سال تک ڈائریکٹر رہے مگر ان کی ٹیم اگلے رائونڈز کے لیے کوالیفائی نہ کرپائی اس لیے عاقب جاوید کو کوئی حق نہیں کہ وہ قومی ٹیم کی پرفارمنس پر کوئی تبصرہ کریں۔

فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں کمنٹری کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے عاقب جاوید کو قومی ٹیم کی مینیجمنٹ پر تنقید کرتے سنا اور انہیں اس پر بہت افسوس ہوا۔ کسی دوسرے پر انگلی اٹھانے سے پہلے عاقب جاوید کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اگر وہ خود اس قابل ہوتے تو پی ایس ایل میں اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو فائنل جتواتے یا کم از کم فائنل تک تو لے کر آتے۔ مگر ان کی نااہلی کے باعث ایسا نہ ہوا اور لاہور قلندرز ابتدائی مراحل میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

 

 

اس سے پہلے لاہور میں کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کے وائٹ واش ہونے پر عاقب جاوید نے مصباح الحق اور وقار یونس سمیت ٹیم مینیجمنٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو قومی ٹیم میں شامل کرنا مصباح الحق اور وقار یونس کا فیصلہ نہں ہوسکتا ان پر کسی اور نے دبائو ڈالا ہوگا۔ جس کے ردِ عمل میں وقار یونس نے بھی عاقب جاوید کو کھری کھری سنادیں