آئی سی سی چیئرمین کے دورہ پاکستان میں ورلڈکپ 2023کا معاملہ سرفہرست ہوگا جب کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پی سی بی اپنا بھرپور موقف پیش کرے گا۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اورچیف ایگزیکٹیو جیف ایلر ڈائس آج لاہور پہنچ چکے ہیں، دونوں اعلیٰ عہدیداروں کی بی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور دیگر حکام سے ملاقاتوں میں مختلف معاملات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ان میں سے سب سے اہم مسئلہ پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کی جبکہ پاکستانی ٹیم کی رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت ہے۔
نجم سیٹھی بار بار یہ موقف دہراتے رہے ہیں کہ بھارتی ٹیم نے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرتے ہوئے ایشیا کپ میں شرکت نہ کی تو پاکستان کی حکومت بھی اپنی ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کرسکتی ہے۔ تاحال ایشیا کپ کا کوئی فیصلہ ہوا ہے نہ ہی ابھی ورلڈکپ کا معاملہ سردست زیر غور لانے کی ضرورت پڑی ہے، اگرچہ ایشیا کپ کے معاملات ایشین کرکٹ کونسل کی صوابدید پر ہیں مگر موجودہ صورتحال میں ان کو الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین اورچیف ایگزیکٹیو کی بی سی بی حکام سے ملاقاتوں میں دونوں ایونٹس کے معاملات پر غور ہوگا، بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان کرکٹ کے دونوں بڑوں کے سامنے اپنا بھرپور موقف پیش کرے گا۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو کی کئی معاملات میں پی سی بی حکام سے بات چیت ہوگی، ورلڈکپ کے حوالے سے دونوں ملکوں اور آئی سی سی کے اعلیٰ عہدیداروں نے ہی کسی نتیجے تک پہنچنا ہے۔