پی ایس ایل کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آخری مرحلہ ابو ظہبی میں جاری ہے جہاں 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 165 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احسن علی اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا، احسن صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
شین واٹسن اور احمد شہزاد نے 129 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، احمد شہزاد 45 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ واٹسن 91 رنز پر ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے تو آندرے فلیچر اور کامران اکمل نے ٹیم کو 58 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، فلیچر 26 رنز کی اننگز کھیل کر محمد نواز کا شکار بنے۔
پورے سیزن میں آؤٹ آف فارم رہنے والے کامران اکمل نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤںڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے اور نصف سنچری اسکور کی، اس دوران انہیں امپائر کی جانب سے ایک موقع بھی ملا جب فواد احمد کی گیند پر امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ نہیں دیا۔ امام الحق 13 رنز بنانے کے بعد فواد احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
کامران اکمل 50 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کیرن پولارڈ 21 گیندوں پر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد، محمد نواز اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔