ویسٹ انڈیز کے بلے باز ڈیون تھامس میچ فکسنگ کے الزام میں معطل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کے روز جاری کردہ اپنے اعلامیے میں کہا کہ ڈیون تھامس کو 2021 میں لنکا پریمیئر لیگ سمیت دیگر ٹورنامنٹس کے دوران مبینہ طور پر میچ فکسنگ کے الزامات کا سامنا ہے، جس کی تحقیقات میں وہ اینٹی کرپشن حکام کے ساتھ تعاون نہیں کررہے۔

آئی سی سی نے ڈیون تھامس پر سات الزامات لگائے ہیں جن میں یہ الزامات بھی شامل ہیں کہ انہوں نے کھیل کے نتائج میں دھاندلی کی کوشش کی اور شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا اسے ختم کرکے تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی۔

آئی سی سی کے مطابق ڈیون تھامس نے 2021 میں ابوظہبی ٹی 10 اور کیریبین پریمیئر لیگ کے دوران بھی اُن سے رابطہ کرنے والے بدعنوان عناصر کی اطلاع متعلقہ حکام کو نہیں دی تھی۔

ان سنگین الزامات کا جواب دینے کے لیے ڈیون تھامس کو 14 دن کی مہلت دی گئی ہے، ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آڈر بیٹسمین  21 ون ڈے، 12 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈیون تھامس کو دبئی میں 4 جون سے شروع ہونے والی متحدہ عرب امارات کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔