English

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 151 رنز بنائے

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل 6 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی۔ 

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 151 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 130 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، سہیل 34 اور فخرزمان 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا تاہم حارث رؤف 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

محمد حفیظ 8، ذیشان اشرف، جیمز فالکنر اور بین ڈنگ 1،1، ٹیم ڈیوڈ 3 اور راشد خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ نے 3، شاداب خان اور فواد احمد نے 2،2 جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے لاہور قلندرز کے خلاف  ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو لاہور قلندرز کے بولرز نے غلط ثابت کردیا۔ اننگز کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

جیمز فالکنر نے روحیل نذیر کو ایک، حسین طلعت کو 8 اور پچھلے میچ کے ہیرو کولن منرو کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے اسلام آباد کی مشکلات میں اضافہ کردیا جب کہ حارث رؤف نے کپتان شاداب خان کی اننگز کا خاتمہ 5 رنز پر کیا۔

بعد ازاں آصف علی نے افتخار احمد کے ساتھ ملکر ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر پردہ ڈال دیا، آصف علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی وہ 43 گیندوں پر 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 49 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پچھلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی ۔

کرکٹ پاکستان اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔