English

سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کی ہامی بھرلی

سری لنکا نے پی سی بی کی درخواست پر 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز پر مثبت اشارے دیئے ہیں

PHOTO: REUTERS

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سری لنکا نے پاکستان میں کھیلنے کی ہامی بھرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا نے پی سی بی کی درخواست پر پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی تجویز پر مثبت اشارے دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں مزید مذاکرات کے بعد جلد اس تجویز کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔

پی سی بی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ کی میزبانی لاہور اور کراچی میں کرنے کا خواہاں ہے، اس حوالے سے پی سی بی حکام سری لنکن بورڈ کو ٹیم بجھوانے پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سری لنکن بورڈ کی طرف سے امید افزا جوابات کے بعد بورڈ حکام کو یقین ہے کہ جلد معاملات طے پا جائیں گے۔

آئی سی سی حکام بھی پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال اور پاکستان سپر لیگ کے میچز کے کامیاب انعقاد پر خوش ہیں اور اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں اگر بورڈز آپس میں بات چیت کرکے کھیلنے پر راضی ہوتے ہیں تو آئی سی سی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلا دیش بورڈ کے ساتھ بھی مذاکرات کررہا ہے جس میں یواے ای کے ساتھ پاکستان میں کھیلنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے، زیادہ امکان یہ ہی ہے کہ بنگلا دیش ٹیم کے ساتھ میچز یواے ای میں ہی ہوں گے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز کے لیے قومی ٹیم دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ بھی کررہی ہے ، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں کھیلیں گی اور ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 2021ء میں کھیلا جائے گا۔

The views expressed by the writer and the reader comments do not necessarily reflect the views and policies of Cricket Pakistan.