پی سی بی نے بنگلہ دیش کے ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے اہم پیشکش کردی

سیاسی بدامنی کے درمیان پی سی بی نے بنگلہ دیش کے ٹیسٹ اسکواڈ کو پاکستان لانے کے لیے اہم پیشکش کر دی۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو بنگلہ دیشی ٹیسٹ ٹیم کو جلد از جلد راولپنڈی بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو یقینی بنانا ہے، جو 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان شیڈول باہمی سیریز کو منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھانے کی غرض سے پی سی بی حکام نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں چونکہ صورتحال خراب ہے تو اپنی نیشنل ٹیسٹ ٹیم کو وقت سے پہلے پاکستان بھیج دیں تاکہ ٹیسٹ اسکواڈ پاکستان میں میچ سے قبل ٹریننگ اور پریکٹس کرسکے۔ تاہم بنگلہ دیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کی اس پیشکش کا کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ 

اس وقت بنگلہ دیش کے متعدد شہروں میں بدامنی کی صورتحال ہے، سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفیٰ اور اس کے بعد ملک سے فرار ہونے کے بعد سے اگرچہ کچھ علاقوں میں حالات معمول پر آرہے ہیں تاہم ملک کی مجموعی صورتحال نے بنگلہ دیشی ٹیم کی سیریز کے لیے ملک سے باہر سفر کرنے کی صلاحیت کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔  
میڈیا رپورٹس کے مطابق
 ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے سبب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دو دن سے ٹریننگ سیشن نہیں ہوسکا، شیڈول کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیسٹ ٹیم نے 17 اگست کو پاکستان پہنچنا ہے۔ 
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں 21 اگست کو جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 2001 سے اب تک ہوم گراؤنڈ پر 13 بار ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں پاکستان ابھی تک ناقابلِ شکست رہا ہے جبکہ ایک ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔