پاکستان سپرلیگ کے سیزن 9 میں لگاتار پانچ میچز ہارنے والی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے دفاع میں عاقب جاوید سامنے آگئے۔
ایل سی سی اے میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے ٹیم ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے ٹیم کی خراب پرفارمنس پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ان پچز پر راشد خان کو مس کررہے ہیں، بیٹنگ پچز پر باؤلنگ کرنا مشکل ہوتا ہے جبکہ حارث رؤف جیسے بائولرز بہت کم ملتے ہیں۔ حارث رؤف کے ان فٹ ہونے سے لاہور قلندرز کو بڑا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز ایک دو رنزسے میچ ہار رہی ہے اس کا مطلب ہے کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس بری نہیں، ایک وقت ہوتا ہے جب قسمت آپ کاساتھ نہیں دیتی، شاہین آفریدی اچھی کپتانی اور بولنگ کررہا ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق لاہور قلندرز کے پاس ابھی بہترین باؤلرز موجود ہیں۔ راشد خان ورلڈ کلاس باولر ہے۔ اس نے ہمیشہ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ راشد خان کے نہ ہونے سے ٹیم کو مشکلات پیش آئی ہیں۔ فنٹنس ایشوز کی وجہ سے راشد کی عدم دستیابی ہماری بدقسمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو بہترین کمبنیشن تھا اس کا انتخاب کیا گیا، لاہور قلندرز کےڈائریکٹر آپریشنز اور ہیڈ کوچ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ٹیم کم بیک کرکے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرنے میں کامیاب ہوگی۔