پی ایس ایل 8 کے آفیشل ترانے کے لیے گلوکاروں کے نام عیاں

پی ایس ایل 8 کے ترانے کو پسوڑی سے مقبول ہونے والی باصلاحیت گلوکارہ شے گل اور نوجوانوں میں مقبول گلوکار عاصم اظہر گائیں گے۔

پی ایس ایل کے 8 ویں ایڈیشن  کے لیے گلوکاروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے کہ کونسا سا گلوکار اس مرتبہ پی ایس ایل کا آفیشل گانا گائے گا۔

اس حوالے سے پاکستان سپر لیگ کے آفیشل اکاونٹ پر اس بات کی تصدیق کی گئی کہ شے گل کی آواز میں پی ایس ایل 8 کے ترانے کو کرکٹ فینز سن سکیں گے۔

شے گل کے نام کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان سپر لیگ کی جانب سے نوجوانوں کے مقبول ترین گلوکار عاصم اظہر کا نام بھی سامنے آیا۔

عاصم اظہر کے علاوہ فارس شفیع بھی پی ایس ایل 8 کے آفیشل گانے کو گائیں گے جبکہ اس گانے کو نوجوان موسیقار عبداللہ صدیقی پروڈیوس کریں گے۔

 

اس سے پہلے پی ایس ایل 8 کے آفیشنل گانے کے لئے علی سیٹھی کا نام خبروں میں تھا مگر نجم سیٹھی کے پی سی بی کے چیئرمین مینیجمنٹ کمیٹی بننے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انہیں مناسب نہیں لگتا کہ ان کا بیٹا پی ایس ایل 8 کے لئے گانا گائے۔ یہ مفادات کا ٹکراؤ ہوگا اسی لئے جب میں پی سی بی میں نہیں ہوئونگا تو علی سیٹھی پی ایس ایل کے لئے گانا گا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 سیزن کے لئے عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے گانا گایا تھا، اس سے قبل پی ایس ایل 6 کا گانا نصیبو لعل اور آئمہ بیگ نے گایا جبکہ عاصم اظہر پی ایس ایل 5 کے لئے بھی آفیشل ترانہ گا چکے ہیں۔ علی ظفر نے 3 مرتبہ پی ایس ایل 1،2 اور 3 کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادوجگایا۔