ٹی 20ورلڈکپ سے باہرہوتے ہی آسٹریلوی کرکٹرڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

مایہ ناز آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہوگئے۔ افغانستان کی غیرمتوقع جیت نے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کے بین الاقوامی کیریئر کا خاتمہ کردیا۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارت کیخلاف سپر 8 مرحلے کا اہم میچ ان کے کیرئیر کا آخری کھیل ثابت ہوا، اس میچ میں کینگروز کے لیے جیتنا لازمی تھا مگربھارتی سورمائوں نے آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کردیا، ڈیوڈوارنر کا آخری میچ انتہائی مایوس کن تھا جہاں وہ فقط چھ رنز بنا کر سوریہ کمار یادیو کے ہاتھوں ارشدیپ سنگھ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ 
کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیوڈ وارنر کا 15 سالہ انٹرنینشل کیرئیر کینگروز کے ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہوتے ہی اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ 
ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد بھارت کے خلاف کھیلا جانے والا میچ ڈیوڈ وارنرکے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا۔ انہوں نے میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل انٹرنینشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔ 
ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل ڈیوڈ وارنر کے ایک روزہ کیرئیر کا آخری میچ تھا جبکہ انہوں نے جنوری میں پاکستان کے خلاف سیریز میں اپنے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ 
واضح رہے کہ آسٹریلوی بیٹر نے 110 ٹی20 میچز، 161 ون ڈے انٹرنیشنل اور 112 ٹیسٹ میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔