پاکستان اور زمبابوے کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو راولپنڈی میں کھیلا گیا، حیران کن طور پرملک سے باہر سوائے افریقہ ریجن کے یہ کہیں ٹی وی پر براہ راست نشر نہیں ہوا،15 سے زائد برس بعد پہلی بار ایسا ہوا، برطانیہ، امریکا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے کرکٹ شائقین ٹی وی پر لائیو ایکشن دیکھنے سے محروم رہے،البتہ ان کے پاس یو ٹیوب پر میچ دیکھنے کا آپشن موجود تھا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے میڈیا رائٹس فروخت کرنے کیلیے کنسلٹنسی کا کام ایک آسٹریلوی کمپنی کوسونپا ہے، اسے ہی براڈ کاسٹرز سے مذاکرات بھی کرنا ہیں، اس کے عوض50 ہزار ڈالر معاوضے کے ساتھ ڈیل میں سے کچھ فیصد حصہ بھی دیا جائے گا۔
آئی سی سی کے ایک آفیشل بھی اس کی مدد کر رہے ہیں، پی سی بی کی پوری کمرشل ٹیم بھی ساتھ موجود ہے،جمعرات کو بورڈ نے ہوم انٹرنیشنل اور پی ایس ایل کے افریقہ میں نشریاتی حقوق کی تین سالہ فروخت کا اعلان کیا تھا مگر دیگر ریجنز میں تاحال وہ مناسب ڈیل سے محروم ہے۔
ستمبر میں جاری کردہ ٹینڈر کے مطابق پی سی بی نے نومبر 2020 سے مارچ 2023 تک کی انٹرنیشنل کرکٹ اور 2021 سے 2023 کی پی ایس ایل کی نشریاتی حقوق کیلیے پیشکش طلب کی تھی، گوکہ زمبابوے سے پہلا ون ڈے 30 اکتوبر کو ہوا مگر بڈ کی دستاویز کے ساتھ منسلک شیڈول میں یہ سیریز بھی شامل ہے،2 دن پہلے تک بڈز میں ترمیم ہوتی رہی مگر جمعرات کی شب اسے مناسب پرائس نہ ملنے پر منسوخ کر دیا گیا، اب نئے سرے سے ٹینڈر جاری ہوگا جس میں زمبابوے سے سیریز ہٹا دی جائے گی۔
دوسری جانب جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی سے رابطہ کرکے پوچھا کہ کیا یہ درست ہے کہ 2003 کے بعد پہلی بار پاکستان کی کوئی سیریز مشرق وسطی اور ایشیا کے دیگر ممالک، برطانیہ، امریکا اور دیگر ممالک میں براہ راست نشر نہیں ہو رہی؟
پریس ریلیز کے مطابق صرف افریقہ کیلیے ہی میڈیا پارٹنر ملا ہے، اس کی کیا وجوہات ہیں؟ کیا اس سے پاکستان کرکٹ کومالی نقصان نہیں ہوگا؟ آئندہ کی سیریز کے بارے میں آپ کیا دیکھ رہے ہیں کیا میڈیا پارٹنر مل جائے گا؟ اس پرانھوں نے محض اتنا جواب دینے پر اکتفا کیا کہ ’’حکمت عملی کے تحت پی سی بی دیگر مختلف ریجنز کیلیے براڈ کاسٹ لائسنس پارٹنر کا اعلان بھی مناسب وقت پر کردے گا‘‘۔
یاد رہے کہ بورڈ نے گذشتہ دنوں پی ٹی وی کے ساتھ ہوم باہمی سیریز اور ڈومیسٹک کرکٹ کی ڈیل سائن کی تھی، بقول پی سی بی کے اس سے 200 ملین ڈالرز حاصل ہوں گے۔