قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے۔
ملتان سلطانز کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ 6 سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ ابوظہبی میں کھیلے جانے والے لیگ کے بقیہ میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کی غرض سے کراچی میں ٹریننگ کررہے تھے جہاں انہوں نے اپنی کمر کے نچلے حصے میں درد محسوس کیا۔ ڈاکٹرز نے ان کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کچھ ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ 6 کے چار میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی، ان کی جگہ آصف آفریدی کو ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد اٹھنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا، بدقسمتی سے انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے،جس کی وجہ سے وہ ابوظہبی لیگ میں ملتان سلطانز کو جوائن نہیں کرسکیں گے۔