انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجر بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سائمن ڈول نے ویرات کوہلی کی جانب سے سست بیٹنگ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔
کمنٹری کے دوران سائمن ڈول نے ویرات کوہلی کی نصف سنچری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوہلی نے ٹیم کے لیے نہیں بلکہ ذاتی سنگ میل کے لیے رنز بنائے۔
انہوں نے کہا کہ کوہلی نے ٹرین کی طرح بیٹنگ کا آغاز کیا، بہت اچھے شاٹس کھیل رہے تھے لیکن 42 سے 50 رنز بنانے تک انہوں 10 گیندیں کھیلیں۔
سائمن ڈول کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اب سنگ میل کی کوئی گنجائش نہیں رہی، جب آپ کے پاس وکٹیں موجود ہوں تو آپ نے تیز کھیلنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سائمن ڈول نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ پر بھی تنقید کی تھی۔
انہوں نے پی ایس ایل 8 میں پشاور اور کوئٹہ کے میچ کے دوران بابر اعظم کی سنچری پر تنقید کی تھی، سائمن نے کمنٹری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اعظم ذاتی سنگ میل کے لیے سست ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بابر کو سنچری کے وقت رن ریٹ کو کم کرنے کے بجائے باؤنڈریز تلاش کرنے پر توجہ دینی چاہیے تھی۔