پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن کے بعد پاکستانی لیگ کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور دنیا کے صف اول کے کھلاڑی اس لیگ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
پی ایس ایل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے بھی پی ایس ایل میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اسٹیو اسمتھ نے اپنی اس خواہش کا اظہار انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن میں اس وقت کیا جب ایک صارف کی جانب سے ان سے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کے بارے میں سوال کیا گیا۔
ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ آپ پی ایس ایل کب کھیلیں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ’’مجھے لگتا ہے کہ پی ایس ایل واقعی ایک زبردست اور شاندار ٹورنامنٹ ہے، میں اس میں شرکت کرنا پسند کروں گا۔‘‘
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لینے کے لیے بے تاب ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور قلندرز کی جیت کا جشن منانے والے راشد خان کی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے جواب میں وارنر نے لیگ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔
راشد نے کیپشن پوسٹ کیا کہ "کل رات کیسا شاندار کھیل تھا، زبردست حمایت کے لیے شائقین کا شکریہ۔
جس پر ڈیوڈوارنر نے جواب دیا کہ میں (پی ایس ایل میں) کب کھیل سکتا ہوں؟