شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، ایک اورفتح ناٹنگھم شائرکی جھولی میں ڈال دی

ناٹنگھم شائر کی جانب سے ٹی 20 بلاسٹ میں کھیلنے والے قومی ٹیم کے مایہ ناز پیسر شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ سے ایک اور فتح اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔پیسر شاہین شاہ آفریدی نے برمنگھم بیئرز کے خلاف ٹی 20 بلاسٹ میچ میں 3 اہم وکٹیں اڑائیں، جس میں حریف کپتان معین علی کی اہم وکٹ بھی شامل تھی۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنے گزشتہ میچ میں ووسٹرشائر کے خلاف 45 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ لی تھی تاہم 11 گیندوں پر 29 رنز اسکور کرکے اپنا اعتماد بحال کیا، ان کی جارحانہ بلے بازی میں 4 چھکے بھی شامل تھے، اسی اعتماد کی وجہ سے برمنگھم بیئر کے خلاف انھوں نے شاندار بولنگ کی۔

ان کا پہلا شکار معین عللی بنے جنھوں نے آف سائیڈ کی جانب گیند کو اچھالا اور کیلوین ہیریسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، 2 بالز بعد انھوں نے الیکس ڈیویس کو بھی میدان بدر کردیا۔

دوسرے اسپیل میں انھوں نے ایڈ برنارڈ کو آؤٹ کیا، اس بار شاہین آفریدی نے 39 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں اور اپنی ٹیم کو 11 رنز کے ساتھ فتح سے ہمکنار کیا۔