بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈکپ سے قبل سابق فاسٹ بولر اجیت اگرکر کو سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق چیف سلیکٹر چیتن شرما کی جانب سے اسٹنگ آپریشن میں کھلاڑیوں پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پلئیرز خود کو فٹ رکھنے کے لئے انجکشن لگاتے ہیں، جس کے بعد انہیں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کے بعد عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔
حال ہی میں سابق بھارتی فاسٹ بولر اجیت اگرکر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم دہلی کیپٹلز کے کوچ تھے تاہم وہ ٹورنامنٹ کے بعد عہدے سے الگ ہوگئے تھے۔
بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) نے مینز سلیکشن کمیٹی میں سلیکٹر کے عہدے کے لئے درخواست دہندگان کا انٹرویو کیا تھا، تین رکنی کمیٹی نے اجیت اگرکر کے نام کو فائنل کیا۔
اجیت اگرکر کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے کہ جبکہ ان کے علاوہ جو شیو سندر داس، سبروتو بنرجی، سلیل انکولا اور سریدھرن شرتھ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
45 سالہ اگرکر نے بھارت کےلئے 26 ٹیسٹ، 191 ون ڈے انٹرنیشنل جبکہ 4 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، تینوں فارمیٹس میں ان کی وکٹوں کی تعداد 349 ہے۔