آغا سلمان کا ون ڈے میں اپنے پسندیدہ بیٹنگ پارٹنر کا انکشاف

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے لیے بے حد پُرجوش ہوں، حریف کوئی بھی ہو اپنے طور پر ہمیشہ اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ بھارت کے خلاف میچ کیلئے کھلاڑیوں پر کوئی پریشر نہیں۔
لاہور میں تربیتی کیمپ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا دباؤ نہیں لوں گا بلکہ اچھا کرنے کی کوشش کروں گا، ایشیا کپ سے قبل افغانستان کے ساتھ سیریزکھیلنے کا بھی فائدہ ہوگا۔ 
انہوں نے کہا ہمیشہ کوشش یہی ہوتی ہے کہ وائٹ بال ہو یا ریڈ بال ایک ہی طرح کھیلوں، ایک ہی اسٹائل سے کھیلتا ہوں لیکن سری لنکا میں کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں، یہ ایک نیا چیلنج ہے لیکن ہم اچھا کھیلیں گے۔
پارٹنر شپ کے سوال پر قومی کرکٹر نے کہا کہ ون ڈے میں محمد رضوان کے ساتھ زیادہ پارٹنر شپ رہی ہے، ان کے ساتھ کھیلنے کا مزہ آتا ہے وہ میرے فیورٹ پارٹنر ہیں، ٹیم کے مڈل آرڈر کو اچھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، بیٹنگ اور بولنگ میں مڈل آرڈر اوورز اچھا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اگر مڈل اوورز اچھے ہوں تو ٹیم مجموعی طور پر اچھا پرفارم کرتی ہے۔
افغانستان سے ہونے والی سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ افغانستان کے پاس ورلڈ کلاس اسپنرز ہیں تو ہمارے پاس بھی ورلڈ کالس بیٹرز ہیں، ٹیم ہر میدان میں اچھا کرنے کی کوشش کرے گی۔