پاکستانی ٹیم کے آف اسپنر سلمان آغا کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 34 رنز بنائے لیکن انہیں 20 رنز پر آؤٹ ہونا چاہیے تھا جب ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے سلپ میں ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا۔
آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے 34 رنز بنائے لیکن انہیں 20 کے اسکور پر روانہ ہونا چاہیے تھا جب پاکستان کے کھلاڑی صائم ایوب نے سلپ میں کیچ گرا دیا، تاہم پاکستان کے آف اسپنر آغا سلمان نے اپنی تیسری گیند پر وارنر کو آئوٹ کیا۔
جمعرات کے روز بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
سلمان آغا نے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ "صائم سلپ کیچنگ کی مشق کر رہے ہیں، انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے پہلی سلپ پوزیشن میں کوئی مسئلہ ہے، جب میں تھوڑی دیر کے لیے میدان سے باہر تھا، بابراعظم نے سوچا کہ وہ دوسری سلپ میں چلا جائے گا اور پہلی میں صائم آجائے گا، جو لوگ کرکٹ دیکھتے اور کھیلتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ زیادہ کیچز دوسری سلپ کی طرف جاتے ہیں"۔
سلمان آغا نے مزید کہا کہ "ڈراپ کیچز کھیل کا ایک حصہ ہیں، آسٹریلیا نے بھی کیچ چھوڑے اور ایسا کسی کے ساتھ بھی ہوتا ہے، سلپ میں کوئی آسان کیچ نہیں ہوتا کیونکہ آپ کے پاس ردعمل ظاہر کرنے کے لیے بہت کم وقت ہوتا ہے، ہم نے سلپ میں بھی بہت سے کیچ لیے ہیں لیکن کوئی ان کے بارے میں بات نہیں کرتا۔"
آسٹریلیا میں جاری ٹیسٹ سیریز میں بابراعظم کی خراب پرفارمنس کے خدشات کے بارے میں سلمان آغا نے اسٹار بلے باز کی باؤنس بیک کرنے کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ " خراب ٹائم کسی بھی کرکٹر پر آسکتا ہے، بابر اعظم نے پاکستان کے لیے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد اس چھوٹے سے خراب پیچ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں ان کی فارم کی فکر نہیں ہے اور وہ خود اس بات سے واقف ہیں کہ ان حالات سے کیسے نکلنا ہے، جس طرح سے وہ اپنی بلے بازی پر کام کر رہا ہے مجھے لگتا ہے کہ یہ صرف تھوڑے وقت کی بات ہے، بہت جلد آپ ان کی طرف سے ایک بڑی سنچری دیکھیں گے۔،،